پاکستان
Time 21 دسمبر ، 2021

وزیراعلیٰ کے پی کا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر تحقیقات کا فیصلہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شکست پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام صوبے میں اب تک کے موصول نتائج کے مطابق 16 تحصیل چئیرمین جبکہ تین میئرمنتخب کروانے میں کامیاب ہوئی۔

بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی مایوس کن کارکردگی پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

سرکاری ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی وجوہات تلاش کی جائیں گی اور پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے جیونیوز کو بتایا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ہارنے کی وجوہات کا جائزہ لے گی جبکہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی اتنی بری نہیں تھی، بعض اضلاع میں پارٹی امیدوار آزاد حیثیت سے کھڑے ہوئے جس سے بعض نشستوں پر پی ٹی آئی امیدواروں کو ناکامی ہوئی تاہم کئی امیدواروں نے چیئرمین تحصیل کونسلز کی نشستیں جیتی بھی ہیں۔

مزید خبریں :