22 دسمبر ، 2021
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں قومی کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اوپننگ بیٹر محمد رضوان ٹاپ 5 میں شامل ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ:
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹرز میں آسٹریلیا کے مارنس لابو شین پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جو انہوں نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سے چھینی، نئی رینکنگ میں روٹ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن برقرار ہے جب کہ اوپننگ بیٹر محمد رضوان کا 18 واں نمبر اور فواد عالم کا 20 واں نمبر برقرار ہے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر جب کہ بھارت کے روی چندر ایشون دوسرے اور رویندرا جڈیجا تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کی رینکنگ میں بابر اعظم اور انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے یکساں 805 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان کے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بولنگ میں حسن علی کی پوزیشن میں تنزلی آئی ہے اور وہ 10 سے 11ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔