22 دسمبر ، 2021
خیبر پختونخوا (کے پی) بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) تحصیل چیئرمین کی 18 اور سٹی میئر کی 3 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، اے این پی نے میئر کی ایک اور تحصیل کونسل کی 5 نشستیں جیتیں، تحریک انصاف نے تحصیل چیئرمین کی 13، آزاد امیدوار 8، ن لیگ 3، جماعت اسلامی 2، پی پی اور تحریک اصلاحات کو ایک ایک نشست ملی جبکہ 9 تحصیلوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
گزشتہ روز لکی مروت کی تحصیل بیٹینی میں آزاد امیدوار کی کامیابی کی اطلاع موصول ہوئی تھی تاہم آج ہونے والی دوبارہ گنتی میں اس تحصیل کی چیئرمین کی نشست پر بھی جے یو آئی کے امیدوار مولانا انور بادشاہ کامیاب قرار پائے اور اس طرح جے یو آئی کی تحصیل چیئرمین کی نشستوں کی تعداد 18 اور آزاد امیدواروں کی تعداد کم ہوکر 8 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 19 دسمبر کو صوبے کے 17 اضلاع کی 61 تحصیل کونسلز (چیئرمین) کی نشستوں میں سے 60 اور 5 سٹی کونسلز (میئرز) کی نشستوں میں سے 4 پر پولنگ ہوئی جن کے نتائج تقریباً مکمل ہوچکے ہیں۔
چیئرمین تحصیل کونسل کی جس ایک نشست پر پولنگ نہیں ہوئی وہ بنوں کی تحصیل بکا خیل ہے جہاں پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
اس کے علاوہ سٹی کونسل کی بھی ایک نشست ڈی آئی خان پر پولنگ نہیں ہوئی۔ اس نشست پر اے این پی کے امیدوار کو قتل کیے جانے پر پولنگ ملتوی ہوئی۔ یعنی مجموعی طور پر تحصیل کونسلز کی 60 اور سٹی کونسلز کی 4 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔
اب تک 60 تحصیل کونسلز میں چیئرمین کی نشست کیلئے ہونے والے الیکشن میں سے 51 کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) 18 نشستیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 13 نشستیں
آزاد امیدوار 8 نشستیں
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) 5 نشستیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) 3 نشستیں
جماعت اسلامی 2 نشستیں
پیپلز پارٹی ایک نشست
تحریک اصلاحات پاکستان ایک نشست
ٹوٹل 51 نشستیں
ضلع لکی مروت کی ایک تحصیل لکی مروت میں 2 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں 2 اور تحصیل نواگئی کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ ہوگی۔
ضلع بونیر کی تحصیل خدوخیل میں 3 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
اس کے علاوہ ضلع کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل میں جلاؤ گھیراؤ کی وجہ سے نتائج روک لیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے کہ درہ آدم خیل کی پوری تحصیل میں دوبارہ پولنگ ہوگی یا پھر مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی جائے گی۔
ضلع کرک کی 3 تحصیلوں میں بھی کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو گی۔
نوٹ: یہ واضح نہیں کہ مذکورہ 9 تحصیل کونسلز کے بعض پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کب ہوگی۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں چاروں سٹی کونسلز کے مکمل نتائج سامنے آگئے ہیں جن میں سے 3 میں جے یو آئی اور ایک میں اے این پی کامیاب ہوئی ہے۔
پشاور شہر کے میئر کی نشست جے یو آئی کے حصے میں آئی۔
مردان کے میئر کی نشست عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے جیتی ہے۔
کوہاٹ سٹی کے میئر کی نشست پر جے یو آئی کا امیدوار کامیاب ہوا۔
بنوں سٹی کونسل کے میئر کی نشست پر جے یو آئی کامیاب ہوئی۔
نوٹ: سٹی کونسل کی پانچویں نشست ڈی آئی خان میں تھی جہاں الیکشن نہیں ہوئے۔