قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ عنقریب میاں نواز شریف واپس آئیں گے۔
اپنے بیان میں ایاز صادق نے کہا کہ انہیں نواز شریف کے واپس آنے کی امید بھی ہے اور یقین بھی ہے، نواز شریف سے مل کر آیا ہوں، میری مسکراہٹ بتا رہی ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اشاروں میں ن لیگ کے قائد کی واپسی سے متعلق دعویٰ کردیا اور کہا کہ لوگوں نے ہاتھ کھڑے کردیے ، گڈ گورننس بیڈ ہوگئی، نواز شریف کو اس جہان میں انصاف ملنے کا وقت آگیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ وہ 20 تاریخ کو لندن جارہے ہیں، نواز شریف کو لے کر ہی لوٹیں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 2019 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے اور اب تک واپس نہیں آئے ہیں۔
نوازشریف کیس: کب کیا ہوا؟
21 اور 22 اکتوبر 2019 کی درمیانی شب نواز شریف کی طبعیت خراب ہوئی اور اسپتال منتقل کیاگیا
25 اکتوبر، چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیاد پر نواز شریف کی ضمانت منظور ہوئی
26 اکتوبر،العزيزيہ ریفرنس میں انسانی بنیادوں پر نوازشریف کی عبوری ضمانت منظور ہوئی
26 اکتوبر، نواز شریف کو ہلکا ہارٹ اٹیک ہوا، وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے تصدیق کی
29 اکتوبر، العزيزيہ ریفرنس میں طبی بنیاد پر نوازشریف کی2 ماہ کے لیے سزا معطل کردی گئی۔
نوازشریف سروسزاسپتال سےڈسچارج ہوئے، جاتی عمرہ میں آئی سی یوبناکرمنتقل کیا گیا
8 نومبر، شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی
12 نومبر ، وفاقی کابینہ نے نوازشریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت دی
14 نومبر ، ن لیگ نے انڈيمنٹی بانڈ کی شرط لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی
16 نومبر، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کوعلاج کےلیےبیرون ملک جانے کی اجازت دے دی
19 نومبر 2019، نواز شریف علاج کیلئے لندن روانہ ہوگئے