Time 24 دسمبر ، 2021
دنیا

اومی کرون کا خدشہ: یو اے ای میں چار ممالک کے شہریوں کا داخلہ بند

یو اے ای سول ایوی ایشن نے ان چاروں ممالک سے مسافروں کو لانے والی نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کو بھی معطل کردیا ہے: فائل فوٹو
یو اے ای سول ایوی ایشن نے ان چاروں ممالک سے مسافروں کو لانے والی نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کو بھی معطل کردیا ہے: فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات نے اومی کرون پھیلنے کے خدشے کے پیشِ نظر چار ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کینیا، تنزانیہ، ایتھوپیا اور نائیجیریا کے شہریوں کے ملک میں داخلے پرپابندی عائد کردی۔

متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسس مینجمنٹ اور سول ایوی ایشن نے ان چاروں ممالک سے ٹرانزٹ پیسنجرز کو لانے والی نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کو بھی معطل کردیا ہے جس کا اطلاق 25 دسمبر سے ہوگا تاہم ٹرانسپورٹ پیسنجرز کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رہےگا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ اس پابندی میں ایسے افراد شامل ہوں گے جنہوں نے متحدہ عرب امارات آنے سے قبل 14 روز تک ان چار ممالک میں قیام کیا ہوگا۔

اس کے علاوہ ایسے مسافر جوپابندیوں کی زد میں شامل نہیں انہیں یو اے ای آنے کے لیے 48 گھنٹے قبل کیا گیا کورونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا جب کہ روانگی سے 6 گھنٹے پہلے بھی ان کا ائیرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ امارات کے شہریوں پر ان چار افریقی ممالک کے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔

مزید خبریں :