پاکستان
Time 24 دسمبر ، 2021

توہین رسالت سے متعلق روسی صدر کا بیان میرے مؤقف کی تائید ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہنا تھاکہ روسی صدرپیوٹن کے بیان کا خیرمقدم کرتاہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ روسی صدر کا بیان میرے مؤقف کی تائید ہے کہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی آزادی رائے نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسلاموفوبیا سے مقابلے کیلئے مسلم قیادت کو یہ پیغام دنیا تک پہنچانا چاہیے۔

روسی صدر کا بیان

سالانہ پریس کانفرنس میں روسی صدر کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی لوگوں کو ناراض کرنے اور اشتعال دلانے کا باعث بنتی ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخی مذہبی آزادی کے خلاف ہے اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔

متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھاکہ ایسی حرکتیں انتہا پسندی کی طرف لے جاتی ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اسلاموفوبیا کے خلاف سرکردہ فورمز پر آواز اٹھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت اور اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط بھی لکھا تھا۔

مزید خبریں :