Time 25 دسمبر ، 2021
سائنس و ٹیکنالوجی

روس نے گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا

مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر روس کی عدالت نے ٹیکنالوجی فرم گوگل پر 98 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا۔ فوٹو: فائل
مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر روس کی عدالت نے ٹیکنالوجی فرم گوگل پر 98 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا۔ فوٹو: فائل

روس نے غیر قانونی مواد کے قانون کی مسلسل خلاف ورزی پر بین الاقوامی سرچ انجن گوگل پر 98 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔

ماسکو کی عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں غیرقانونی مواد کی تفصیلات تو فراہم نہیں کی گئیں تاہم مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ عدالت نے روس میں غیر قانونی قرار دیا گیا مواد نہ ہٹانے پر گوگل پر جرمانہ عائد کیا۔

عدالت نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر گوگل پر 7 ارب 2 کروڑ روبلز (98 ملین امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا جو معروف ترین سرچ انجن کے سالانہ ٹرن اوور کی بنیاد پر روس میں پہلا جرمانہ ہے۔

گوگل نے غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ وہ عدالتی فیصلے کا بغور مشاہدہ کرنے کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کی جانب سے ٹیکنالوجی فرم پر ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر مشتمل مواد ہٹانے کے لیے مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔

رواں برس مئی میں روس کے میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے نے گوگل کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا وہ اپنے پلیٹ فارم سے ڈرگ، تشدد اور شدت پسندی کے حوالے سے مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر مشتمل مواد ہٹائے۔

دو روز قبل مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر بھی اسی قسم کا مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے۔

مزید خبریں :