Time 25 دسمبر ، 2021
پاکستان

گرین لائن کا کم سے کم کرایہ 15 اور زیادہ سے زیادہ 55 روپے ہے: گورنر سندھ

گرین لائن کے ایلیویٹرز خراب نہیں ہیں، 10 جنوری سے تمام اسٹیشن کے ساتھ بس سروس چلے گی: عمران اسماعیل / فائل فوٹو
 گرین لائن کے ایلیویٹرز خراب نہیں ہیں، 10 جنوری سے تمام اسٹیشن کے ساتھ بس سروس چلے گی: عمران اسماعیل / فائل فوٹو

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گرین لائن کے آغاز کے موقع پر بس کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔

کراچی میں گرین لائن بس کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ گرین لائن کے ایلیویٹرز خراب نہیں ہیں،  10 جنوری سے تمام اسٹیشن کے ساتھ بس سروس چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ بس کا کرایہ کم سے کم 15 اور زیادہ سے زیادہ 55 روپے ہے اور  گرین لائن بس کا کارڈ لوگوں کو کنفیوژ کررہا ہے، اس کارڈ کو موبائل فون کارڈ کی طرح چارج کرنا پڑے گا۔

واضح رہےکہ کراچی میں گرین لائن بس سروس کا آغاز آج 25 دسمبر سے ہو گیا ہے اور پہلے مرحلے میں بس سروس صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چلے گی جب کہ 10 جنوری سے بسوں کی تعداد سمیت اوقات کار میں بھی اضافہ کردیا جائے گا۔

اسٹیشنز کتنے ہوں گے؟

گرین لائن بس سروس کے شروع میں 22 میں سے 11 اسٹیشنز فعال ہیں جب کہ 10 جنوری تک اس سروس میں 80 بسوں میں سے 25 بسیں صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چلائی جائیں گی۔

ایس آئی ڈی سی ایل افسران کے مطابق 10 جنوری کے بعد بسوں، اسٹیشنز اور اوقات کار میں اضافہ کیا جائے گا۔

گرین لائن بس سروس سرجانی عبداللہ چوک اسٹیشن سے نمائش چورنگی اسٹیشن تک چلائی جائے گی، یہ جدید بسیں ہر 5 منٹ بعد اسٹیشن پر آئیں گی جب کہ آگے چل کر بسوں کے آنے کا یہ وقفہ مزید کم ہوجائے گا۔

ٹکٹ کتنا ہوگا؟

گرین بس کا ٹکٹ 55 روپے ہے، روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے اس حوالے سے کارڈ بھی بنوا سکتے ہیں۔

گرین لائن بس میں ایک وقت میں 150 سے زائد افراد سفر کر سکیں گے جب کہ معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔

بس سروس کی سرویلنس سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی اور جس اسٹیشن پر بس رُکے گی وہاں کا نام بس کے اندر اسکرین پر آجائے گا۔

کراچی کے لیے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگ بنیاد فروری 2016 میں رکھا گیا جو طویل انتظار کے بعد اب عوام کی دسترس میں ہوگا۔

مزید خبریں :