25 دسمبر ، 2021
گرین لائن بس سروس کے پہلے ہی دن سرجانی ٹاؤن عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے پہلی گرین بس سوا گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جب کہ بس کے زیادہ کرائے کے معاملے پر ایک شہری نے مشتعل ہوتے ہوئے شور مچادیا۔
مشتعل ہونے والا شہری سرجانی سے ناظم آباد جانے کے لیے گرین بس میں بیٹھا تھا جو بس کا کرایہ سن کر بپھر گیا۔
مشتعل شہری کا کہنا تھا کہ سرجانی ٹاؤن سے ناظم آباد جانے کے لیے 55 روپے کرایہ مانگ رہے ہیں، اس سے کم میں تو چنگ چی پر کرایہ لگتا ہے، یہ سب مل کر لوٹ رہے ہیں۔
دوسری جانب گرین لائن سروس کی بسیں سرجانی ٹرمینل سے نکلنا شروع ہوئیں تو پہلا اسٹیشن لوگوں کے لیے تاخیر سے کھولا گیا، اسٹیشن کے باہر شہری بس کے لیے گیٹ کھلنے کے منتظر رہے۔
پہلی گرین بس سوا گھنٹے کی تاخیر کے بعد سرجانی ٹاؤن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔
اس دوران بزرگ شہری شکایت کرتے ہوئے نظر آئے کہ کافی دیر سے کھڑے ہیں، بس اسٹیشن کے گیٹ بند ہیں، بس لیٹ آنی تھی تو اطلاع کے لیے کوئی بینر یا نوٹس لگا دیتے جس پر سکیورٹی عملے نے شہریوں کو جواب دیا کہ وفاقی وزیرآئیں گے اس کے بعد اسٹیشن کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہرِ قائد میں گرین لائن بس سروس کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے، بس سروس سرجانی ٹاؤن عبداللّٰہ چوک اسٹیشن سے نمائش چورنگی اسٹیشن تک چلائی جائے گی۔
ابتدائی طور پر بس سروس کچھ گھنٹوں کے لیے صبح 8 سے دوپہر 12 بجے تک چلے گی، اس دوران 15 دن آزمائشی طور پر 80 میں سے صرف 25 بسیں 4 گھنٹے کے لیے چلائی جائیں گی۔