27 دسمبر ، 2021
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) اور نجی ٹی وی اے آر وائی کنسورشیم کو پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 23-2022کے نشریاتی حقوق دینےکے معاملےکا نوٹس لے لیا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے پی سی بی کو لکھےگئے خط میں سوال کیا گیا کہ پی ٹی وی نےکس کے احکامات پر اے آر وائی کے ساتھ کنسور شیم بنایا؟ اوپن ٹینڈر کیوں نہیں دیا ؟ آزادانہ طور پر بولی میں شرکت کیوں نہیں کی؟
خط میں سوال کیا گیا ہےکہ اے آر وائی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کیوں کیا؟ پی ٹی وی اور اے آروائی کا یہ گٹھ جوڑ ناپاک سازش اور پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے ، پی ٹی وی نے کسی اور پارٹی کو دعوت دیے بغیر خاموشی سے اے آر وائی کو پارٹنر بنالیا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہےکہ پی ٹی وی عدالتی حکم کے مطابق اور سرکاری ادارہ ہونے کی وجہ سے ایسا کرنے کا مجاز نہیں ۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پی سی بی کو موصول شکایت پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر شکایت صحیح ہےتوپی ٹی وی، اےآروائی کنسورشیم کونشریاتی حقوق دینےکافیصلہ منسوخ کرنا چاہیے۔