دنیا
Time 30 دسمبر ، 2021

لیموں کے ڈبوں میں چھپا کر 9 ملین نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ہم اپنے خلیجی دوست ممالک کو یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ لبنان نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ ہے: وزیر داخلہ لبنان۔ فوٹو: فائل
ہم اپنے خلیجی دوست ممالک کو یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ لبنان نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ ہے: وزیر داخلہ لبنان۔ فوٹو: فائل

لبنان میں لیموں کی شپمنٹ کی آڑ میں نشے کے طور پر استعمال ہونے والی 90 لاکھ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے وزیر داخلہ نے نشے کے طور پر استعمال ہونے والی 90 لاکھ گولیوں کی بڑی کھیپ پکڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گولیاں ایک خلیجی ملک میں اسمگل کی جانی تھیں۔

لبنانی حکام کی جانب سے خلیجی ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ لیموں کی طرح دکھنے والے پلاسٹک کی گیندوں میں چھپائی گئی گولیاں کویت اسمگل کی جانی تھیں۔

لبنان کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ہم یہ تو ظاہر نہیں کر سکتے کہ یہ گولیاں کہاں اسمگل کی جا رہی تھیں اور اس کیس میں کتنے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن ہم اپنے خلیجی دوست ممالک کو یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ لبنان نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں انار کی ایک شپمنٹ میں 50 لاکھ سے زائد نشہ آور گولیاں پکڑے جانے کے بعد سعودی عرب نے لبنان سے زرعی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیپٹاگون نامی نشہ آور گولیاں لبنان، شام اور اردن میں تیار ہوتی ہیں اور سستے نشے کے طور پر استعمال ہونے والی گولیاں بڑی تعداد میں خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب اسمگل کی جاتی ہیں۔

مزید خبریں :