30 دسمبر ، 2021
قومی اسمبلی میں آج حکومت کی جانب سے دو اہم بلز پیش کیے گئے جن میں ضمنی فنانس بل 2021 اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ترمیمی 2021ء بل شامل ہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت اجلاس سے غائب رہی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے ان بلز کو پیش کیے جانے کیخلاف احتجاج اور شور شرابا تو کیا لیکن ن لیگ کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اجلاس سے غیر حاضر رہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضری پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
پریس کانفرنس میں فرخ حبیب نے کہا کہ فنانس بل میں ترامیم کے موقع پر شہباز اور بلاول لاپتہ رہے، آج بھی اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری تھا، اپوزیشن ارکان دلیل سے بات کے بجائے طوفان بدتمیزی برپا کرتے رہے، قانون سازی روکنے کے دعوے دار رفو چکر ہوگئے۔