Time 31 دسمبر ، 2021
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں ٹیم کا حصہ بننا ہدف ہے: فہیم اشرف

میں 2022 کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں، نئے سال میں پاکستان میں بڑی اہم سیریز ہونے جا رہی ہیں: قومی کرکٹر/ فوٹو جیونیوز
میں 2022 کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں، نئے سال میں پاکستان میں بڑی اہم سیریز ہونے جا رہی ہیں: قومی کرکٹر/ فوٹو جیونیوز

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ 2022 میں بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو رہا ہے جس کے لیے ٹیم کا حصہ بننا میرا ہدف ہے۔

نمائندہ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے قومی کرکٹر نے کہا کہ 2021 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بہت شاندار رہا اور قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور باہمی سیریز میں عمدہ پرفارم کیا، اس کے علاوہ انفرادی طور پر بھی قومی کرکٹرز کی پرفارمنس غیر معمولی رہی۔ 

انہوں نے کہا کہ  اونچ نیچ کھیل کا حصہ ہے، میں 2021 میں قومی ٹیم کا مسلسل حصہ نہ رہا  اور  میری کوشش ہے کہ 2021 میں مجھ سے جو غلطیاں ہو ئی ہیں وہ آئندہ سال  نہ کروں اور تسلسل کے ساتھ پرفارم کروں اس کے لیے میں خود کو تیار کر رہا ہوں۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کھیلنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے،  میں 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ نہ کھیل سکا جسے مس کیا لیکن میری نیک خواہشات قومی ٹیم کے ساتھ تھیں اور مجھے خوشی ہے کہ پاکستان ٹیم نے اچھا پرفارم کیا، مجھے پاکستان ٹیم اور کھلاڑیوں کو اچھا کھیلتا ہو ا دیکھ کر خوشی ہوئی۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ میں 2022 کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں، نئے سال میں پاکستان میں بڑی اہم سیریز ہونے جا رہی ہیں، آسٹریلیا ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، فینز بھی پرجوش ہیں اور مجھے بھی ان کا شدت سے انتظار ہے۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ 2022 میں بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو رہا ہے جس کے لیے ٹیم کا حصہ بننا میرا ہدف ہے، ضرور ٹیم میں جگہ بناؤں گا اور اس کے لیے میں محنت کر رہا ہوں۔

مزید خبریں :