کھیل
Time 04 جنوری ، 2022

تاریخ کا ’بدترین ریویو‘؟ بنگلادیشی کھلاڑی سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے

پہلے ٹیسٹ کے دوران بنگلادیش کے فاسٹ بالر تسکین احمد کی ایک شاندار گیند کیوی بلے باز راس ٹیلر کے بلے پر جا لگی:فوٹوفائل
 پہلے ٹیسٹ کے دوران بنگلادیش کے فاسٹ بالر تسکین احمد کی ایک شاندار گیند کیوی بلے باز راس ٹیلر کے بلے پر جا لگی:فوٹوفائل

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک حیرت انگیز ریویو لینے پر  بنگلادیشی کھلاڑی سوشل میڈیا پر مذاق بنے ہوئے ہیں۔

نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوران بنگلادیش کے فاسٹ بالر تسکین احمد کی ایک شاندار گیند کیوی بلے باز راس ٹیلر کے بلے پر جا لگی، اس پر کھلاڑیوں نے زبردست اپیل کی اور امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ دیا، اس کے بعد بنگلادیش کے کھلاڑیوں نے آپس میں بات کی اور ریویو لے لیا۔

ری پلے سے صاف ظاہر ہوا کہ گیند بلے کے درمیان میں لگی تھی، اس کے بعد تبصرہ نگار بھی زور  زور سے ہنسنے لگے، لوگ اس ریویو کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شیئر کر رہے ہیں اور اسے اب تک کا ’بدترین ریویو‘ قرار دے رہے ہیں۔

ٹیسٹ میں بنگلادیش کی حیرت انگیز کارکردگی

بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں کیوی ٹیم کا ا سکور پانچ وکٹوں پر 147 رنز تھا، ٹیم کی صرف پانچ وکٹیں باقی ہیں اور  اس کی برتری صرف 17 رنز  ہے۔

کیوی ٹیم کے لیے واحد راحت کی خبر یہ ہے کہ اس وقت راس ٹیلر 37 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں اور راچن رویندرا 6 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

بنگلادیش نے میچ میں اپنی پہلی اننگز میں 458 رنز بنائے تھے،  اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے تھے، بنگلا دیش نے اس بنیاد پر 130 رنز کی برتری حاصل کی۔