Geo News
Geo News

Time 06 جنوری ، 2022
پاکستان

ملک بھرمیں بڑے پیمانے پر موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں شدت اختیار کررہا ہے جو ملک بھرمیں بڑے پیمانے پر موسلادھار بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کل تک کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ، تھرپارکر، جامشورو، دادو، قمبر، شہدادکوٹ، لاڑکانہ، شکار پور، سکھر اور  شہید بے نظیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں مطلع ابر آلود  اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے جب کہ جمعے کو شہر کا مطلع زیادہ تر ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے، جمعے کو شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔