07 جنوری ، 2022
دبئی سے فیصل آباد پہنچنے والی غیرملکی ائیر لائن کی پرواز منزل پر لینڈ نہ کرسکی جو فضا میں چکر کاٹ کر 6:30 گھنٹے بعد واپس روانگی کے مقام دبئی اتر گئی جبکہ اسی روٹ کی ایک اور پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی دبئی ائیر لائن کی پرواز ایف زیڈ 391 مقامی وقت صبح 7:10 بجے کی بجائے ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے صبح 9:36 بجے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے فیصل آباد کیلئے روانہ ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے فیصل آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر موسم کی خرابی کی وجہ سے یہ پرواز کافی دیر تک فضا میں چکر کاٹتی رہی بعد ازاں لینڈنگ کیلئے موسم نامناسب ہونے کی وجہ سے واپس روانہ ہوگئی جو روانگی کے 6 گھنٹے 30 منٹ بعد دبئی اتر گئی۔
اس کے علاوہ اسی ائیر لائن کی دبئی سے فیصل آباد کے لیے دوسری پرواز ایف زیڈ 343 کو خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔