08 جنوری ، 2022
مری میں کئی گھنٹوں سے پھنسے ہزاروں سیاحوں کو نکالنے کے لیے سول آرمڈ فورسز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں بتایا کہ شدید ٹھنڈ اور برفباری کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں مری اور گلیات آ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک بحال کرنے کی کوشش میں لگے رہے لیکن عوام کی اتنی بڑی تعداد ہے کہ پچھلے 12 گھنٹوں میں راستہ کھولنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں اور مری جانے والے تمام سیاحوں سے معذرت کرتے ہیں کہ کل رات 9 بجے تک اس طرح نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کر رہے ہیں اور مری کے مقامی افراد سے بھی اپیل ہے کہ سخت سردی میں گاڑیوں میں پھنسے لوگوں کو کمبل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کریں، امید ہے کہ آج رات تک راستے کلیئر کروا لیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، اسلام آباد کی انتظامیہ اور میں خود معاملے کو مانیٹر کر رہا ہوں اور حکومت کو اس معاملے پر آگاہ بھی کر رہا ہوں۔