10 جنوری ، 2022
مری میں برفانی طوفان کے تین روز بعد بھی زندگی معمول پر نہیں آسکی ۔
ملکہ کوہسار مری میں پانی و بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے جب کہ موبائل فون سروس بھی متاثر ہے۔
مری میں امدادی کارروائیاں اور ریسکیو ریلیف آپریشن تاحال جاری ہے، علاقے میں پھنسے سیاحوں کی بڑی تعداد کو واپسی کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاحتی مقام پر اب وہ لوگ موجود ہیں جن کی یا تو گاڑیاں خراب ہیں یا انہیں کسی قسم کے دیگر مسائل کا سامنا ہے تاہم کچھ سیاح اپنی گاڑیاں برف میں چھوڑ کر واپس جاچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات واپڈا کی ٹیمیں بجلی بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف رہیں البتہ صورتحال سنگین ہونے کے باعث کچھ مقامات پر اب بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔