10 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 کے انعقاد پر بھی کورونا کی حالیہ لہر کی وجہ سے خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کو شیڈول کے مطابق کرانےکیلئے پی سی بی نے حکومتی سطح پر رابطےشروع کردیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 ایک ہی وینیو پر کرائے جانےکے آپشن پرغور کیا جارہا ہے، ٹورنامنٹ کا لاہور سےآغاز اور کراچی میں اختتام کرنے پر بھی غور ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت بھی پی ایس ایل کا آغاز لاہور سے کرانےکی خواہشمند ہے، اگر ایک ہی وینیو پر پی ایس ایل کرانےکا فیصلہ ہوا تو لاہور فیورٹ وینیو ہے، پی ایس ایل سے متعلق حتمی فیصلے کیلئے مسلسل مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے حکومتی سپورٹ کےلیے رابطے شروع کردیے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 27 جنوری 2022 سے ہونا ہے اور ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی میں کورونا مثبت آنے کی شرح 15 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔