Time 11 جنوری ، 2022
پاکستان

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاحیات نااہلی ختم کرنے کیلئے درخواست تیار کرلی

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاحیات نااہلی ختم کرنے کیلئے درخواست تیار کرلی جو آئندہ چند روز میں سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔

درخواست سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی جائے گی جبکہ دوسرے پٹیشنر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون ہوں گے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے۔

درخواست میں آرٹیکل 184اور آرٹیکل 99 کی تشریح کا بھی مطالبہ کیا جائے گا جبکہ وفاق کو فریق بنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون کا کہنا ہے کہ درخواست آئندہ چند روز میں دائر کر دی جائے گی۔

خیال رہے کہ موجودہ دور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین سپریم کورٹ سے تاحیات نا اہل ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ بتایا جارہا ہے نواز شریف ڈیل کر کے واپس آ رہے ہیں اور عدالت میں ایک پٹیشن دائر کی جائے گی جس سے ان کی نااہلی ختم ہو جائے گی۔

مزید خبریں :