11 جنوری ، 2022
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یورپ کیلئے کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے ڈائریکٹر ہینس کلوگ کے مطابق رواں سال کے پہلے ہفتے میں یورپ بھر میں 70 لاکھ سے زائد اومی کرون کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ میں دو ہفتوں میں کورونا کیسز کی تعداد دو گُنا بڑھی ہے، تازہ اعدادو شمار کے مطابق اومی کرون تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ یورپ کی 50 فیصد سے زائد آبادی کے اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں اومی کرون سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 31 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ کورونا سے اموات کی تعداد 55 لاکھ12ہزار سے زائد ہوگئیں۔
دنیا بھر میں کورونا کے 26کروڑ6لاکھ سےزائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔