Time 12 جنوری ، 2022
پاکستان

شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اشتہاری قرار، وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور کی احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔

عدالت نے رابعہ عمران اور عمران یوسف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور دونوں ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا ہےکہ ملزمان کو اشتہاری قرار دینے سے پہلے پیشی کے لیے 30 روز کی حتمی مہلت دی گئی لیکن شہباز شریف کی بیٹی اور داماد نے عدالتی رعایت سے فائدہ نہیں اٹھایا  لہٰذا دونوں ملزمان کی گرفتاری اور عدالت پیشی تک وارنٹ گرفتاری قائم رہیں گے۔

واضح رہےکہ احتساب عدالت میں رابعہ عمران اور عمران یوسف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :