عامر خان کے کس اصول کی وجہ سے فلم 'ڈر' کا کردار شاہ رخ کو مل گیا ؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار عامر خان کو مسٹر پرفیکشنسٹ یونہی نہیں کہا جاتا، وہ اداکاری میں مہارت کے ساتھ اپنے اصولوں کے بھی اتنے پکے ہیں کہ اس کے لیے فلم ہاتھ سے جانے کی بھی پروا نہیں کرتے۔

عامر خان کا شمار بالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم اس کے باوجود وہ  زیادہ فلمیں نہیں کرتے اور ہر فلم اورکردار خوب سوچ سمجھ کرکرتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اپنے کچھ اصول بھی بنا رکھے ہیں۔

ایسے ہی ایک اصول کی وجہ سے وہ 1990 کی دہائی کی ایک کامیاب ترین فلم سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

بھارتی میڈیا کو ماضی میں دیےگئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے انکشاف کیا کہ معروف فلم ساز یش چوپڑا کی سپرہٹ فلم 'ڈر'  میں شاہ رخ خان سے پہلے انہیں چُنا گیا تھا تاہم ان کے ایک اصول کی وجہ سے وہ فلم ان کے ہاتھ سے نکل گئی۔

 عامر نے بتایا کہ ان کا اصول ہےکہ اگرکسی فلم میں دو یا دو سے زیادہ ہیرو ہوں تو وہ چاہتے ہیں کہ  ہدایت کار فلم کی کہانی سب کو ایک ساتھ سنائیں۔

  مسٹر پرفیکشنسٹ نے بتایا کہ جب مجھے فلم 'ڈر' میں سنی دیول اور  اداکارہ جوہی چاؤلہ کے ساتھ کام کرنےکی پیشکش ہوئی تو میں راضی تھا اور مجھے فلم کی کہانی اور اپنا کردار بھی بے حد پسند تھا، تاہم میں چاہتا تھا کہ فلم کی کہانی کو دونوں ہیرو ایک ساتھ بیٹھ کر سنیں تاہم یش چوپڑا صاحب اس پر راضی نہ ہوئے اور پھر فلم میں نہ کرسکا۔

خیال رہےکہ 1993 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم 'ڈر' میں عامرکے بعد شاہ رخ خان کا انتخاب کیا گیا تھا، اس فلم نے بھارت سمیت دنیا بھر میں بھرپور برنس کے ساتھ شائقین سے خوب داد سمیٹی تھی اور شاہ رخ خان کو آج بھی اس فلم کے کردار کے باعث یاد کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :