حریم شاہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اےکا برطانوی حکام کو خط

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاک اسٹار  حریم شاہ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھ دیا۔

 ایف آئی اےکی جانب سے لکھےگے خط کی تفصیلات جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہیں، خط میں حریم شاہ کی سفری اور شناختی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہےکہ حریم شاہ کی رقم کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو مبینہ طور پر برطانیہ میں بنائی گئی، حریم شاہ کی جانب سے دھوکا دہی کے ذریعے رقم اسمگل کرنے کا دعویٰ کیا گیا، حریم شاہ کراچی سے دوحا اور وہاں سے لندن ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچی تھی۔

ایف آئی اےکا کہنا ہےکہ دوسری ویڈیو میں حریم شاہ نے سارے معاملے کو مذاق قرار دیا، حریم شاہ کی تردیدی ویڈیو لندن میں اسکائی مارکیٹنگ کے دفتر میں ریکارڈ کی گئی، اس ویڈیو میں دانیال ملک نامی شخص نے رقم کو قانونی قراردیا ہے۔

خط میں دونوں ویڈیوز کے تناظر میں حریم شاہ اور دانیال ملک کے خلاف انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔

ایف آئی نے درخواست کی ہےکہ منی لانڈرنگ پاکستان میں قابل سزا جرم ہے، تحقیقات میں سامنے آنے والی تفصیلات سے ایف آئی اے کو بھی آگاہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ  حریم شاہ نے ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان سے بھاری رقم لیکر برطانیہ گئیں اور انہیں کسی نے نہیں روکا تاہم میڈیا پر خبر نشر ہونے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے تحقیقات شروع کیے جانےکے بعد وہ اپنے دعوے سے مکرگئیں۔

حریم شاہ نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ شہری ذرا احتیاط کریں، کیوں کہ پاکستانی قانون غریب کو زیادہ پکڑتا ہے۔

مزید خبریں :