کھیل
Time 14 جنوری ، 2022

اسٹمپ پر بھڑاس نکالنے پر گوتم گمبھیر کوہلی پر برس پڑے

گوتم گمبھیر نے کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کی اس حرکت پر غصے کا اظہار کیا/ فائل فوٹو
گوتم گمبھیر نے کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کی اس حرکت پر غصے کا اظہار کیا/ فائل فوٹو

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھارت اور جنوبی افریقا کے میچ میں براڈ کاسٹرز پر تنقید کرنے پر ویرات کوہلی پر پھٹ پڑے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندر ایشوین نے ڈین ایلگر کو ایل بی ڈبلیو کیا مگر ڈی آر ایس نے فیصلہ تبدیل کردیا اور ایلگر پویلین واپس لوٹنے سے بچ گئے لیکن یہ بات بھارتی ٹیم کو ہضم نہ ہوئی۔

بھارتی کرکٹرز کے ایل راہول، ایشوین اور ویرات کوہلی اسٹمپ مائیک پر آکر اپنی بھڑاس نکالتے اور براڈ کاسٹرز پر تنقید کرتے رہے۔

ویرات کوہلی نے اسٹمپ مائیک کے پاس جاکر کہا کہ اسی طرح اپنی ٹیم پر فوکس کریں، صرف اپوزیشن پر نہیں جب کہ ایشوین نے بھی اسٹمپ کے پاس جاکر براڈ کاسٹرز پر تنقید کی اور اسی دوران نائب کپتان کے ایل راہول بھی چپ نہ رہے اور کہا کہ پورا ملک گیارہ کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہا ہے۔

گمبھیر نے کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کی اس حرکت پر غصے کا اظہار کیا اور کوہلی کو انتہائی نابالغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی اس طرح کی حرکتوں پر کبھی نوجوانوں کے آئیڈیل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں بھی وکٹ کے پیچھے کیچ پر آپ ففٹی ففٹی ہی رہے اور بولر کی اپیل کے باوجود بھی خاموش تھے۔

واضح رہےکہ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاون میں جاری تیسرے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ڈین ایلگر ڈی آر ایس پر ایل بی ڈبلیو قرار پانے سے بچ گئے مگر بھارتی ٹیم کو یہ بات نہ بھائی۔

مزید خبریں :