کھیل
Time 15 جنوری ، 2022

بھارت سے میچ جیتنے کے بعد رضوان اور کوہلی کی کیا بات ہوئی؟

سوشل میڈیا پر وائرل محمد رضوان کے ایک انٹرویو میں قومی کرکٹر سے کوہلی سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں پوچھا گیا/ فائل فوٹو
سوشل میڈیا پر وائرل محمد رضوان کے ایک انٹرویو میں قومی کرکٹر سے کوہلی سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں پوچھا گیا/ فائل فوٹو

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز  محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی تھی جس پر کوہلی نے بھی رضوان کو گلے لگاکر شاباش دی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل  محمد رضوان کے ایک انٹرویو میں قومی کرکٹر سے کوہلی سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں پوچھا گیا۔

رضوان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں،  کرکٹ ہم سب کے لیے ایک فیملی کی طرح ہے اور کوہلی کا ہر اسٹیپ ان کی ٹیم کے لیے بہتر تھا ۔

رضوان نے دوران گفتگو کوہلی اور ان کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ میری اور ویرات کی جو بھی بات ہوئی وہ ذاتی تھی جسے میں نے اپنے بھائی تک کو نہیں بتایا، وہ میرے اور ویرات کے درمیان کی گفتگو تھی۔

روہت شرما، ویرات کوہلی اور دنیا کے دیگر بڑے کھلاڑیوں سے موازنہ کیے جانے پر رضوان کا کہنا تھا میں نے کبھی نہیں چاہا کہ میرا موازنہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ کیا جائے اور میں خود کو اتنا قابل نہیں سمجھتا بس کو شش ہوتی ہے جو مجھ میں ہے اسے ڈیلیور کروں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ میں وکٹ کیپر بیٹسمین ہوں، میں اگر دو گھنٹے وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کرتا ہوں تو 3 گھنٹے بیٹنگ کو دیتا ہوں  جب کہ وہ بیٹسمین جن سے میرا موازنہ کیا جاتاہے وہ 5 گھنٹے بیٹنگ کو دیتے ہیں، میں کسی کو فولو نہیں کرتا لیکن اچھے کھلاڑیوں کی چیزیں پک کرتا ہو۔