Time 14 جنوری ، 2022
پاکستان

کراچی سے لاپتہ ہونیوالی لڑکی کو موٹروے پولیس نے اہلخانہ سے ملوا دیا

اہل خانہ کو شبہ تھا کہ لڑکی کو کسی بس میں اسلام آباد لے جایا جا رہا ہے، موٹروے پولیس— فوٹو: موٹروے پولیس
اہل خانہ کو شبہ تھا کہ لڑکی کو کسی بس میں اسلام آباد لے جایا جا رہا ہے، موٹروے پولیس— فوٹو: موٹروے پولیس

کراچی کے علاقے لیاری سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کو موٹروے پولیس نے اہلخانہ سے ملوا دیا۔

موٹر وے پولیس ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کو بذریعہ کنٹرول 130 اطلاع موصول ہوئی کہ ایک خاتون مسکان میرانی، دختر ولی محمد میرانی جس کی عمر 23 سال ہے، لیاری سے گزشتہ 3 دنوں سے لاپتہ ہے اسے تلاش کیا جائے۔

اہل خانہ کو شبہ تھا کہ لڑکی کو کسی بس میں اسلام آباد لے جایا جا رہا ہے۔ اس قسم کی اطلاع موصول ہونے پر موٹروے پولیس کنٹرول کی جانب سے بسوں کی چیکنگ کے سلسلے کو مزید بڑھا دیا گیا ۔

دوران چیکنگ روہڑی ٹول پلازہ کے پاس ڈیوٹی پر مامور افسران نے ایک بس کو روکا اور چیک کیا گیا تو لاپتہ خاتون جس نے اپنا نام مسکان بتایا اس بس میں موجود تھی۔

لڑکی کے اہل خانہ کو بروقت اطلاع دی گئی جس پر لڑکی کے شوہر نے بتایا کہ وہ لڑکی کے والدین کے ہمراہ سکھر کی جانب لڑکی کی حوالگی کیلئے روانہ ہیں۔

دریں اثناء موٹروے پولیس سکھر نے لڑکی کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ویمن پولیس اسٹیشن سکھر کے حوالے کیا۔

مزید خبریں :