Time 14 جنوری ، 2022
دنیا

کورونا ویکسین نہ لگوانے والا شخص اپنے بیٹے سے ملنے کا حق کھو بیٹھا

کینیڈا میں ویکسین نہ لگوانے والا شخص اپنے بچے سے ملنے کا حق کھو بیٹھا— فوٹو: فائل
کینیڈا میں ویکسین نہ لگوانے والا شخص اپنے بچے سے ملنے کا حق کھو بیٹھا— فوٹو: فائل 

کینیڈا میں ویکسین نہ لگوانے والا شخص اپنے 12 سالہ بچے سے ملنے کا حق کھو بیٹھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کینیڈا کی عدالت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر والد پر عارضی طور پر اپنے 12 سالہ بچے سے ملنے پر پابندی لگادی۔

رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں والد کی اپنی چھٹیوں میں بچے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جب تک والد کورونا ویکسین نہیں لگواتے وہ فروری تک اپنے بچے سے نہیں مل سکتے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ کینیڈا کے صوبے کیوبک میں گزشتہ ماہ کیا گیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ والد کو بچے سے ملنے سے روکنے کا فیصلہ ملک میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے بچے کی صحت کی حفاظت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بچے کی والدہ نے والد کیجانب سے اپنے بچے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی ابتدائی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ انہیں حال ہی میں  معلوم ہوا کہ بچے کے والد نے ویکسین نہیں لگوائی۔

والدہ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ بچے کو والد سے ملنے سے روکا جائے۔

  رپورٹس کے مطابق خاندانی قانون کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں  یہ پہلا فیصلہ ہے جس میں والدکو کورونا ویکسین کی بنیاد پر اپنے بچے تک رسائی کے حق سے محروم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے کیوبک حکام نے  اس ہفتے کے شروع میں ان رہائشیوں پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے اب تک کورونا ویکسین نہیں لگوائی۔

مزید خبریں :