14 جنوری ، 2022
کترینہ کیف اور وکی کوشل گزشتہ ماہ 9 دسمبر کو راجھستان میں ایک شاہانہ تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
ان کی شادی میں دونوں کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی جبکہ اہم سوال یہ تھا کہ سلمان خان جو کہ کترینہ کے اچھے دوست سمجھے جاتے ہیں انہیں اور ان کے خاندان کو شادی میں کیوں نہیں بلایا گیا؟
تاہم اب سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے اس بارے میں بات کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آیوش نے حال ہی میں کترینہ اور وکی کی شادی پر سلمان اور خاندان کو اس میں مدعو نہ کرنے کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارے لیے کترینہ ایک بہت ہی پیاری دوست ہیں ، ہم سب ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ کترینہ کا سلمان خان کو شادی پر مدعو نہ کرنا ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے، شادی کا دن کترینہ اور وکی کیلئے ایک خاص موقع تھا جسے اچھے سے گزارنے کا ان کو حق تھا۔
آیوش شرما نے مزید کہا کہ ہمارا سارا خاندان خوش ہے کہ کترینہ نے شادی کرلی جبکہ وہ ہمیشہ ایک خاندان کے طور پر ہمارے قریب رہیں گی اور ہم صرف اس بات پر خوش ہیں کہ وہ خوش ہیں۔