14 جنوری ، 2022
بااثر قیدیوں کو جیلوں کے بجائے اسپتالوں میں رکھنے کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے اور سینٹرل جیل کراچی کے سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو کو معطل کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی نے جیو نیوز سے فون پر گفتگو پرکہا کہ قیدیوں کی اسپتالوں میں منتقلی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں محکمہ داخلہ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معطلی کا مقصد تحقیقات کو شفاف بنانا ہے، قیدیوں کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا جو بھی کسی غیر قانونی عمل میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جیو نیوز نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے جیل کے بجائے اسپتال میں رہنے کا بھانڈا پھوڑا تھا جس کے بعد سزا یافتہ مجرموں کی ایک فہرست نکلتی چلی گئی اور پھر انہیں بھی اسپتالوں سے جیل واپس منتقل کیا گیا۔