15 جنوری ، 2022
لاہور: شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی بینکرز سے متعلق تحقیقات کی رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق منی لانڈرنگ میں بینکرز کے کردار سے متعلق اسٹیٹ بینک سے انکوائری کرائی گئی، رپورٹ کی روشنی میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ کوئی بینکر قصوروار نہیں پایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بینکرز کے خلاف منی لانڈرنگ میں مدد کے ثبوت نہیں ملے، ایف آئی اے کی رپورٹ حتمی ہے جس میں کسی بینکر کو ملزم نہیں بنایا گیا۔
ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوسرے کیسز کی طرح اس میں بھی ماسٹر مائنڈ وہی ہیں جنہوں نے فائدہ اٹھایا، بے نامی اکاؤنٹس کا آپریٹ ہونا کمرشل بینکوں کی ناکامی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو اس معاملے کی انکوائری کے لیے درخواست دی، کہا جا سکتا ہے کہ بینکرز کا اس جرم میں کوئی کردار نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ شہباز شریف اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں کوئی بھی بینکر ملوث نہیں ہے۔