15 جنوری ، 2022
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اداکارہ صبور اور علی انصاری کی شادی ٹرینڈ کرتی رہی جبکہ مہندی اور نکاح کی تصاویر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے بھی کیے گئے۔
صبور علی کو کراچی کی حنا آرٹسٹ مہک علی زیدی نے مہندی لگائی تھی اور اداکارہ کی مہندی کے ٖفوٹو شوٹ کو صارفین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا۔
جیو ڈیجیٹل سے رابطہ کرنے پر مہک نے بتایا کہ انہیں ایک سیلون کی جانب سے رابطہ کیا گیا اور اداکارہ کے مہندی لگانے کا کہا گیا لیکن جب انہیں واٹس ایپ پر صبور علی نے رابطہ کیا تو وہ حیرت سے پھولے نہ سمائیں۔
مہک نے بتایا کہ صبور نے پریشان کیے بغیر ایک اچھی دلہن کی طرح مہندی لگوائی اور کسی قسم کی فرمائش بھی نہیں کی البتہ سجل علی نے صبور کے لیے کسی باریک مہندی ڈیزائن کا انتخاب کرنے کو کہا۔
مہک نے کہا کہ مہندی لگوانے کے دوران صبور کا فوٹو شوٹ بھی ہوا جبکہ سجل علی نے ایک اچھے میزبان کی طرح ان کا خیال بھی رکھا۔