ویڈیو: صبور اور علی کا نکاح، دلہا دلہن کا روایتی انداز سب کو بھاگیا

اداکار علی انصاری اور صبور علی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں آج کل شادیوں کا سیزن ہے، پہلے مریم انصاری اور اریبہ حبیب کی شادی کے چرچے رہے اور اب حبا بخاری اور صبور علی کی اچانک ہونے والی شادی نے مداحوں کو حیران کیا۔

صبور اور علی کا شمار شوبز کی مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں کے نکاح کی عالیشان تقریب گزشتہ روز ہوئی جس میں صبور اور علی کے دوستوں سمیت شوبز سے منسلک شخصیات نے شرکت کی۔

اداکار جوڑی کے نکاح کی کئی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں کہیں صبور کو اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے دیکھا گیا تو کہیں دلہا دلہن دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف دکھائی دیے۔

مداحوں کو صبور اور علی کا روایتی انداز بھی خوب پسند آیا، نکاح کے لیے صبور نے میٹ گولڈن رنگ کا غرارہ زیب تن کیا جب کہ علی انصاری نے سفید رنگ کی شیروانی پہنی جس پر کلے نے چار چاند لگادیے۔

علاوہ ازیں نکاح کی تقریب میں اداکارہ کنزہ ہاشمی، ایمن خان، زارہ نور عباس اور سعدیہ غفار سمیت کئی فنکاروں نے شرکت کی۔

فوٹو: اسکرین شاٹ/انسٹاگرام
فوٹو: اسکرین شاٹ/انسٹاگرام

نکاح کے بعد صبور نے انسٹاگرام پروفائل پر اپنے نام میں انصاری کے نام کا اضافہ کردیا ہے، انہوں نے اپنا نام صبور علی سے صبور علی انصاری کردیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

واضح رہے کہ اداکار علی انصاری اور صبور علی کی گزشتہ برس مئی میں بات پکی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :