پاکستان
Time 16 جنوری ، 2022

ن لیگی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ن لیگ میں ریس لگی ہوئی ہے، پہلی صف میں بیٹھنے والے چار لیڈرز نواز شریف کو ہٹاکر خود قیادت سنبھالنا چاہتےہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چار وں کسی سے ملنے گئےتو کہاکہ نوازشریف نے ملک کےساتھ براکیا،  آپ ہمیں کیوں نہیں سوچتے؟

فواد کا کہنا تھاکہ تینوں پارٹیوں میں آپس میں اتنی بد اعتمادی ہے کہ ہرپارٹی سوچتی ہی کہ میں آنکھ جھپکوں اور دوسری پارٹی ڈیل کرلے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کیا کر رہے ہیں کہ لندن میں اس وقت سب سے مہنگی پراپرٹی پر بیٹھے ہیں، ان کے بھائی یہاں پر ہیں اور ایک پوری لین وہاں پر شریف فیملی اون کرتی ہے۔

شریف فیملی حکومت سے چار لوگوں کیلئے ڈیل مانگ رہی ہے، شہباز گل کا دعویٰ

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف فیملی حکومت سے چار لوگوں کی ڈیل مانگ رہی ہے تاکہ یہ لوگ ملک سے باہر جا سکیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل کا کہنا تھاکہ ڈیل مانگی جارہی ہے کہ شہبازشریف،مریم کوبھی باہرجانے دیا جائے، شاہد خاقان یہاں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن چارافراد کی ڈیل مانگی گئی ہے، ان میں شہبازشریف، ان کا بیٹا، نوازشریف اوران کی بیٹی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ کو ڈیل اور ڈھیل جتنی میسرآنی تھی آگئی، شریف فیملی کو ڈیل نہیں ملے گی، آپ کے سامنے عمران خان کھڑا ہے، ہم آپ کوابلا ہوا آلونہیں دیں گے، آپ چکن برگرمانگ رہے ہیں، آپ کوڈیل ملنے والی نہیں آپ کے مقدر میں گالیاں دینا اورکھانا لکھا ہوا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ احتساب ہوگا اور جلد ہی شہباز شریف سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، چپراسیوں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کہاں سے آئے اس کا جواب دینا پڑے گا۔

مزید خبریں :