18 جنوری ، 2022
اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا ہے کہ گزشتہ شب کراچی کمپنی کے پاس چوری یا ڈکیتی نہیں ہوئی، دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔
گزشتہ شب دارالحکومت میں کراچی کمپنی کے قریب پولیس ناکے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ دو زخمی ہو گئے تھے اس دوران جوابی فائرنگ میں موٹرسائیکل سوار دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔
شہید اہلکار منور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل کراچی کمپنی کے پاس چوری یا ڈکیتی نہیں ہوئی، دہشت گردوں نے فائرنگ کی ہے تاہم دونوں ملزمان تک پہنچ گئے ہیں، ملزمان کی موٹر بائیکس سے ان کو ٹریس کرلیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ اس سال کا پہلا واقعہ ہے ، جس سے ایک قسم کا سگنل ملا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں ہمیں بہت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ساری فورسز ملک کی حفاظت کے لیے جان کا نظرانہ دینے کو تیارہیں۔