پاکستان
Time 19 جنوری ، 2022

22افراد کو جانتا ہوں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ، شاہد خاقان کا دعویٰ

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے ۔ —فوٹو: فائل
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے ۔ —فوٹو: فائل 

 مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے ۔

جیونیوز  کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری نے جو باتیں کی ہیں سمجھ سے باہر ہیں،ان کی باتیں صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے امیدوار سے متعلق فیصلے جماعت وقت پر کرتی ہے  جبکہ میں  وزیراعظم کے عہدے کا خواہشمند ہوں نہ طلب گار ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار کے خواہشمند نہیں، ہم چاہتے ہیں ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو، جبکہ آج ملک کی ضرورت ہے کہ عوام کو شفاف الیکشن ملیں۔

اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وہ 22افراد کو جانتے ہیں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور دیکھناحکومت ایک دن بیساکھیوں کے بغیر نہیں رہ سکتی۔ 

انہو ں نے کہا کہ22 لوگ ہٹ جائیں تو حکومت اکثریت کھو دے گی پھر شاید عدم اعتماد کی ضرورت نہ پڑے۔

اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتطار کررہے ہیں کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق چلے جبکہ اس حکومت کے ساتھ نہ اتحادی اور نہ بہت سے ارکان ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وزرا کی جانب سے نواز شریف کے خلاف ن لیگ میں بغاوت کے دعوے کیے جارہے تھے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ن لیگی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے۔ ن لیگ میں ریس لگی ہوئی ہے، پہلی صف میں بیٹھنے والے چار لیڈرز نواز شریف کو ہٹاکر خود قیادت سنبھالنا چاہتےہیں۔

مزید خبریں :