Time 19 جنوری ، 2022
دنیا

ایک کلو سونے سے تیار کردہ سورۃ رحمٰن عالمی نمائش کیلئے پیش کی جائیگی

عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائے گا:فوٹوبشکریہ خلیج ٹائمز
عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائے گا:فوٹوبشکریہ خلیج ٹائمز

عالمی نمائش دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین میں دنیا کے سب سے  بڑے قرآن پاک میں شامل سورۃ رحمٰن کو بھی  نمائش کے لیے  پیش کیا جائے گا۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائے گا۔

  نمائش میں ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ اور  یو اے ای میں مقیم پاکستانی شاہد رسام 1400 سالہ اسلامی تاریخ میں پہلی بار کینوس پر ایلومینیم اور سونے سے لکھے گئے قرآن پاک میں شامل  سورۃ رحمٰن پیش کریں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق شاہد رسام کا پراجیکٹ 24 جنوری کو  دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کے باہر  پیش کیا جائے گا۔

سورۃ رحمٰن کی تیاری سے متعلق شاہد رسام کی گفتگو

خلیج ٹائمز کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں شاہد رسام کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کے نسخے کی نمائش نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی بلکہ اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ہوگی، یہ اس حوالے سے  زیادہ منفرد ہے کہ اس کے لفظ سیاہی سے  لکھنے کے بجائے سونے سے تیار کیے گئے ہیں۔

شاہد رسام نے بتایا کہ 1585 حروف، 352 کلمات، 78 آیات اور 3 رکوع پر مشتمل سورۃ رحمٰن کو  اعلیٰ معیار کے کینوس پر سونے اور ایلومینیم کے ساتھ تیارکیا گیا ہے، سورۃ رحمٰن کی تیاری میں 15 کلو ایلومینیم اور ایک کلو سونے کا استعمال کیا گیا ہے  جبکہ اس پراجیکٹ کو  200 آرٹسٹ، پینٹرز ، کیلیگرافرز، ڈیزائنرز اور اسکلپٹرز کی مدد سے 4 ماہ میں تیار کیا گیا ہے۔

شاہد رسام کے مطابق نمائش میں سورۃ رحمٰن  6 صفحات پر پیش کی جائے گی، پہلے دو صفحات کے ہر صفحے پر 5 سطریں جبکہ باقی 4 صفحات پر 10،10سطریں اور مکمل سورۃ میں 50 سطریں ہیں۔

مزید خبریں :