19 جنوری ، 2022
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) نے حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاکستان میں اندرون ملک ہوائی سفر کرنے والے تمام مسافروں کے ٹکٹس پر شناختی کارڈ نمبر کا اندراج لازمی قرار دے دیا ہے۔
سی اے اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 18 سال سے کم عمر مسافر اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کی ائیر لائنز کو اندرون ملک سفر کیلئے ٹکٹوں پر مسافروں کا شناختی کارڈ لازمی درج کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق تمام ائیر لائنز کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے دفاتر براہ راست ٹکٹ فروخت کرتے وقت یا ان لائن ٹکٹ بکنگ اور فروخت کے وقت یا ٹریول ایجنسیاں ٹکٹ بک یا فروخت کرتے وقت مسافروں سے ان کا شناختی کارڈ نمبر حاصل کرنے اور ہر ٹکٹ پر درج کرنے کی پابند ہوں گی۔
سی سی اے کے مطابق حکومت پاکستان کے احکامات کی روشنی میں یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل کی گئی ہیں۔ جس کے لیے تمام ائیرلائنز اپنے اپنے آن لائن ٹکٹ کے اجراء کے سسٹم سے فوری تبدیلی کر رہی ہیں۔