20 جنوری ، 2022
لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریوینیو ( ایف بی آر ) نے گلوکارہ آئمہ بیگ کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گلوکارہ انکم ٹیکس کی مد میں ایف بی آر کی ساڑھے 8 کروڑ کی نادہندہ ہیں تاہم ایف بی آر کو آئمہ بیگ کے بینک اکاؤ نٹس سے ریکوری نہ ہو سکی ہے۔
روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق، آئمہ بیگ نے اپنے بینک اکاؤنٹس سے اڑھائی کروڑ روپے سے زائد رقم نکلوا کر اکاؤنٹس خالی کردیے ہیں۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ ایف بی آر نے آئمہ بیگ کی گاڑیاں ضبط کرنے کے لیے کارروائی شروع کررکھی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل ایف بی آر نے انکم ٹیکس ادا نہ کرنے پر آئمہ بیگ کو نوٹس جاری کیا تھا، ایف بی آر کے مطابق آئمہ نے 2018،2019اور 2020 کا انکم ٹیکس جمع نہیں کروایا۔
یہ خبر روزنامہ جنگ میں 20 جنوری 2022 کو شائع ہوئی۔