پاکستان
Time 21 جنوری ، 2022

سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس در آمد کرنے والا صوبہ ہو گا: حماد اظہر

انڈسٹری کی جانب سے حکم امتناع ختم ہو جائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہو جائے گی: وفاقی وزیر. فوٹو: فائل
انڈسٹری کی جانب سے حکم امتناع ختم ہو جائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہو جائے گی: وفاقی وزیر. فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ چند سال میں گیس برآمد سے گیس درآمد کرنے والا والا صوبہ بن جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا پارلیمان میں ان کو جواب دینا چاہتا ہوں ، یہ روز ٹی وی پر بیٹھ کر چیلنج کر  رہے ہوتے ہیں ،  جب معیشت پر دلائل ختم ہو جائیں تو یہ ساتویں جماعت کے مطالعہ پاکستان پر لیکچر شروع کر دیتے ہیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان میں جواب سننے کا حوصلہ نہیں ہے، 5.4 فیصد گروتھ ریٹ پر ساڑھے7 ارب ڈالر کے قرضے لیے گئے، ہماری5.4 فیصد گروتھ میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں، ن لیگ نے 5.4 فیصد گروتھ ریٹ کے لیے ملک کو  دیوالیہ کر دیا۔

گیس کی قلت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کی طرف سے گیس کاٹنے پر حکم امتناع لے لیا گیا، 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس انڈسٹری سے کراچی کو موسم سرما میں دی جاتی تھی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکم امتناع ختم ہو جائے تو کراچی میں گیس سپلائی بہتر ہو جائے گی، سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ہے کہ گیس کے حوالے سے حکم امتناع ختم کرے۔

حماد  اظہر کا کہنا تھا کہ سندھ  چند سال میں گیس برآمد کرنے سے گیس درآمد والا صوبہ بن جائے گا۔