پاکستان
Time 21 جنوری ، 2022

کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ، دیواریں گرنے اور دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق

کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ باعث درخت اور کھمبے اکھڑ گئے جبکہ شہر میں دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور  متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں کے باعث نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب گھر کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اس کے علاوہ کنیز فاطمہ سوسائٹی، گلشن معمار اور شیرشاہ میں دیواریں گرنے سے 3 افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ لانڈھی میں بجلی کے تار گرنے کے باعث کرنٹ لگنے سے ایک شخص دم توڑگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مواچھ گوٹھ بلدیہ میں چھت کا کچھ حصہ گرگیا جس کے باعث خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اورنگی ٹاؤن میں بھی بجلی کا کھمبا گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق تین ہٹی کے مقام پر تیز ہوا سے درخت گرگیا جس کے باعث 2 رکشے اور چائے خانے کونقصان پہنچا۔

اُدھر پاپوش نگرمیں تیز ہواوں کےباعث سرکاری اسکول کی دیواریں گرگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہواؤں کی رفتار 63 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کا سلسلہ رات تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید خبریں :