نوجوان اپنی سیلفیاں آن لائن بیچ کر راتوں رات کروڑ پتی بن گیا

انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے اپنی سلیفیز نان فنجیبل ٹوکنز (NFTs) میں تبدیل کیں اور اسے آن لائن بیچ کر راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔ —فوٹو: انسٹاگرام
انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے اپنی سلیفیز نان فنجیبل ٹوکنز (NFTs) میں تبدیل کیں اور اسے آن لائن بیچ کر راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔ —فوٹو: انسٹاگرام 

انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے اپنی سلیفیز   نان فنجیبل ٹوکنز (NFTs) میں تبدیل کیں اور اسے آن لائن بیچ کر راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔

غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق کمپیوٹر سائنس کے طالبعلم  سلطان گستاف الغوزالی نے چار سال کے عرصے میں اپنے کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے ہوئے اپنی ہزاروں سیلفیاں لیں اور انہیں NFTs میں تبدیل کردیا۔

رپورٹس کے مطابق سلطان کی ہر تصویر قدرے مختلف ہوتی ہے لیکن وہ اپنے کمپیوٹر اسکرین کے سامنے بیٹھا ہوا ایک ہی مخصوص چہرہ دکھاتا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلطان کا ان تصاویر لینے کا ابتدائی مقصد ایک ویڈیو ٹائم لیپس بنانا تھا جس میں اس نے پڑھائی میں گزارے ہر ایک دن کا اسنیپ شاٹ دکھانا تھا جسے  وہ گریجویشن کے بعد استعمال کرتا۔

فوٹو: ڈیلی میل
فوٹو: ڈیلی میل

تاہم Non-Fungible Tokens (NFTs) کے بارے میں جاننے کے بعد اس نے اپنی تصاویر بیچنےکا فیصلہ کیا۔

22 سالہ نوجوان نے اصل میں ہر ایک  سیلفی کی قیمت صرف 0.00001   ایتھیریم( کرپٹو کرنسی) رکھی تھی لیکن  جلد ہی اس کرنسی کی قیمت آسمان کو چھونے لگی  جس کے بعد سلطان کی ایک تصویر  10 ہزار ڈالرز سے زائد  میں فروخت ہو رہی ہیں۔

سلطان نے 10 جنوری کو ٹوئٹ کیا کہ اس نے مذاق میں اپنی تصاویر NFTs پر اپ لوڈ کردی ہیں۔

اگلے دن اس نے پھر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین نہیں آتا کہ لوگوں نے واقعی میری تصاویر خریدی ہیں اور ایک ہی دن میں 35 تصاویر  فروخت ہو چکی ہیں تاہم اس دن کے بعد اس کی 200 سے زیادہ سیلفی NFTs فروخت ہوئیں۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے سلطان نے بتایا کہ میں سوچ رہا تھا کہ یہ میرے لیے یہ یقین کرنا مشکل ہورہا ہے کہ کوئی میرا چہرا خرید سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس کی سیلفیز اب 12 ہزار ڈالرز سے زائد میں فروخت ہو رہی ہیں تاہم اس کی سیلفیز کے مجموعے جس کانام Ghozali Everyday ہے اس کی مجموعی قیمت تقریباً 1.2 ملین ڈالرز یعنی 21 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقامی ٹیکس حکام پہلے ہی ٹوئٹر کے ذریعے سلطان سے رابطہ کر چکے ہیں تاکہ اسے ادائیگی کرنے کی ہدایت کی جائے، تاہم اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے والدین کو ابھی تک اس کی دولت کا علم نہیں ہے۔

 Non-Fungible Tokens (NFTs) کیا ہوتے ہیں؟

(NFTs) ایک خاص قسم کا ڈیجیٹل سرٹیفیکیٹ ہے جو کہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ کسی تصویر، ویڈیو یا دیگر قسم کے آن لائن مواد کا اصل مالک کون ہے۔

زیادہ تر NFTs میں کچھ قسم کا ڈیجیٹل آرٹ ورک شامل ہوتا ہے، جیسے کہ تصاویر، ویڈیوز، GIFs، اور موسیقی نظریاتی طور پر، کسی بھی ڈیجیٹل کو NFT میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

این ایف ٹی ڈیجیٹل دنیا میں 'اپنی نوعیت کے واحد' اثاثے ہیں جن کی خرید و فروخت کسی دوسرے اثاثے کی طرح ممکن ہے۔ لیکن یہ مواد صرف آن لائن موجود ہوتا ہے جسے بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے خریدا اور بیچا جاتا ہے'۔