Time 22 جنوری ، 2022
انٹرٹینمنٹ

پریانکا کے گھر بیٹی کی پیدائش

اداکارہ اور ان کے شوہر کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا__فوٹو فائل
اداکارہ اور ان کے شوہر کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا__فوٹو فائل

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے گزشتہ شب اعلان کیا کہ ان کے اور نک جونس کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اداکارہ اور ان کے شوہر کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے بچے کی پیدائش پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا تاہم اس میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ دنیا میں آنے والا بچہ لڑکا ہے یا لڑکی۔

لیکن امریکی انٹرٹینمنٹ میگزین 'یو ایس ویکلی' کی رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پریانکا اور نک کے گھر 'بیٹی' کی پیدائش ہوئی ہے، اگرچہ اس حوالے سے اداکارہ کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔

کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ پریانکا کی بیٹی مذکورہ وقت سے 12 ہفتے قبل ہی دنیا میں آگئی۔

واضح رہے کہ پریانکا اور نک جونس کے اعلان کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا سمیت ملکی و غیر ملکی میڈیا پر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔

اداکارہ کی پوسٹ پر بالی وڈ کے کئی سپر اسٹارز نے کمنٹس کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی، کمنٹس کرنے والی اداکاراؤں میں ہما قریشی، کترینہ کیف، بھومی پاڈنیکر اور نیہا دھوپیا سرِ فہرست ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پریانکا وہ پہلی اداکارہ نہیں جن کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی۔

پریانکا سے قبل اداکارہ شلپا شیٹی کے ہاں بیٹی اور  شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابرام کی پیدائش بھی سروگیسی کے ذریعے ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ اداکارہ پریتی زنٹا، پروڈیوسر ایکتا کپور، کرن جوہر اور عامر خان کے بچوں کے پیدائش سروگیسی کے ذریعے ہوئی تھی۔

مزید خبریں :