ویرات کی ففٹی، انوشکا کی بیٹی کے ہمراہ کوہلی کو سپورٹ کرنے کی ویڈیو وائرل

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے بہترین بیٹر ویرات کوہلی کی بیٹی وامیکا کو پہلی بار واضح طور پر مداحوں نے دیکھ لیا۔

 انوشکا شرما اور ویرات کے ہاں گزشتہ سال 11 جنوری کو  بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کے بعد سے وامیکا کی اب تک کوئی واضح تصویر اور ویڈیو دونوں کی جانب سے پوسٹ نہیں کی گئی  جبکہ وہ عام جگہوں پر بھی اپنی بیٹی کو کیمرے کی آنکھ سے بچاتے تھے۔

تاہم اب وامیکا کی شکل میڈیا پر پہلی بار  سامنے آگئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہورہی ہے۔

جی ہاں ان دنوں بھارتی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کے دورے  پر موجود ہے جہاں اتوار کے روز تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دوران وامیکا پہلی بار واضح طور پر کیمرے میں دیکھی گئیں۔

 ویرات نے جنوبی افریقا کے خلاف نصف سنچری بنائی اس موقع پر میدان میں انوشکا اور وامیکا بھی موجود تھیں جو ویرات کی شاندار بیٹنگ پر جشن منارہی تھیں۔ 

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وامیکا کو 2 پوہنیاں باندھے بظاہر گلابی رنگ کے سوٹ میں انوشکا کی گود میں دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر میچ کے اس خاص لمحے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین پہلی بار وامیکا کو دیکھ کر خوش ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے بھارت کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست دیکر سیریز  3 صفر سے اپنے نام کرلی۔

مزید خبریں :