24 جنوری ، 2022
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن سے ایک بار پھر لانگ مارچ آگے بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کےخلاف کوئی سازش نہیں ہوگی، اپوزیشن ان کے ناخنوں میں ہے، اپوزیشن ایک بار نہیں تین بار آجائیں عمران خان پانچ سال پورے کرے گا اور اگلے 5 سال بھی پورے کرے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ سیاستدانوں کوسکیورٹی تھریٹس ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی، سمجھناچاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ 23 مارچ کو آدھے اسلام آباد پر کسی اور کا کنٹرول ہوگا، جیمرز لگے ہوں گے، میڈیا پر اپوزیشن کا شو نہیں چلےگا تو آکر کیا کریں گے؟ آپ 17مارچ یا 27 مارچ کو لانگ مارچ رکھ لیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن سے لانگ مارچ آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ڈرا نہیں رہا، دہشت گردی کا خطرہ ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں دہشت گردی کے واقعات پر وزیرداخلہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بھارتی ایجنسی را ملک کے جرائم پیشہ افراد کو دہشت گردی کیلئے استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نہیں چاہتا پاکستان اور افغان طالبان کے اچھے تعلقات ہوں، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں ہورہے جہاں کوئی آدمی سر اٹھاتا ہے ایکشن لیا جاتاہے۔