’شہزاد اکبر ڈیلیور نہیں کرسکے‘، وزیراعظم کا استعفے پر تبصرہ

وزیراعظم عمران خان نے اپنے سابق مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے استعفے پر مختصر ردعمل دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیراعظم کی ناراضی تھی، کچھ روزقبل وزیراعظم نے شہزاداکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیراعظم کو دیں وہ نامکمل تھیں جبکہ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق تھا اور وزیراعظم کو بتائی گئی مقدمات کی ٹائم لائنز میں بھی فرق تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات کی صورتحال اور وزیراعظم کودی گئی بریفنگ میں بھی تضاد تھا۔

ذرائع کے مطابق دو روز قبل وزیراعظم نے شہزاد اکبر پر ناراضی کا اظہار کیا اور وزیراعظم آفس نے آج شہزاد اکبرسے استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کااجلاس ہوا جس میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے شہزاداکبرکےاستعفےپربات کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شہزاد اکبر کے حوالے سے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ شہزاد اکبر ڈیلیور نہیں کرسکے، وہ کسی اورکام کے تھے، ان کاکام کچھ اورتھا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا ہے۔

مزید خبریں :