پاکستان
Time 25 جنوری ، 2022

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ہر سیاستدان کو چورکہنے والوں کو آئینہ دکھادیا، فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ ٹرانسپیرنسی  انٹرنیشنل نے ہر سیاستدان کو چورکہنے اور کرپشن کرپشن کے نعرے لگانے والوں کو ان کی ’مصنوعی ایمانداری‘ کا آئینہ دکھادیا ہے۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ یہ پورا ٹبر، یہ پوری جماعت کرپٹ ہے، اس کی تخلیق کرپشن سے ہوئی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ان کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کی سب سے بڑی ناکام، نااہل اور کرپٹ یہ حکومت ثابت ہوچکی ہے، اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد یہ دوبارہ دھاندلی کے منصوبے بنا رہے ہیں، جس طرح یہ خود کھلونا ہیں ملک کی معیشت کو بھی کھلونا بنالیا ہے،تمام ذیلی جماعتوں کو ہدایات دی جا رہی ہیں کہ وہ بھرپور تیاریاں جاری رکھیں، کسی قیمت پر اپنی آزادی کا سودا کرنےکی اجازت نہیں دے سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم غیرآئینی ہے، پی ڈی ایم پہلے بھی مسترد کرچکی ہے، یہ آرٹی ایس کا دوسرا نام ہے، ایسے انتخابات تسلیم نہیں کریں گے۔ 

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ صدارتی طرز حکومت پاکستان میں ایک سیاہ تاریخ رکھتا ہے،صدارتی طرز حکومت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ ہوگا، عوام ملک کے کونے کونے سے اسلام آباد کا رخ کریں گے، مہنگائی مارچ اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی،  عوام پر مہنگائی کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

مزید خبریں :