Time 26 جنوری ، 2022
کھیل

ماں بننے کے بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں ہوتی: بسمہ معروف

ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں اپنی فٹنس اور مہارت ثابت کی__فوٹو: جیو نیوز
ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں اپنی فٹنس اور مہارت ثابت کی__فوٹو: جیو نیوز

 پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ایک بار  پھر نہ صرف میری قومی ٹیم میں واپسی ہو ئی بلکہ میں ایک بار پھر کپتانی کر رہی ہوں اس لیے میں بہت پرجوش ہوں اور خوش اس لیے ہوں کہ ماں بننے کے بعد میری واپسی ہوئی ہے۔

بسمہ معروف زچگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے مطابق چھٹیوں پر رہیں، ان کی غیر موجودگی میں جویریہ خان نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت کی۔

 بسمہ معروف ماں بننے کے بعد ایک بار ایکشن میں آئیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں اپنی فٹنس اور مہارت ثابت کی اور انہیں ٹیم میں شامل کرتے ہو ئے کپتان بھی بنا دیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے بسمہ معروف نے کہا کہ ماں بننے کے بعد کھیل کو مناسب نہیں سمجھاجاتا لیکن میں نے کھیل میں واپسی کی ہے اور  اب میں لڑکیوں کے لیے انسپائریشن بنوں گی۔ 

بسمہ معروف نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا میں لڑکیوں کا ماں بننے کے بعد کم بیک مشکل ہو جاتا ہے، اس میں کئی ایک عوامل ہیں، ایک فٹنس کو برقرار نہ رکھنا ہے اور دوسرا فیملی کی طرف سے سپورٹ نہ ہونا اور  پھر جس فیلڈ میں آپ ہوں وہاں کوئی پیرنٹل پالیسی نہ ہونا ہے لیکن مجھے تینوں چیزیں ملی ہیں اس لیے اب میں رول ماڈل بن کر لڑکیوں کو پیغام دوں گی کہ ماں بننے کے بعد بھی کھیلنا ممکن ہے۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

بسمہ معروف نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی نہ بنائی ہوتی تو ماں بننے کے بعد میری واپسی مشکل تھی، میرے لیے فیصلہ کرنا بھی بہت مشکل تھا کہ میں کم بیک کر پاؤں گی یا نہیں لیکن ماؤں کے حوالے سے پی سی بی کی پالیسی سے مجھے فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی، مجھے سپورٹ کیا گیا اور اب پالیسی کے مطابق میں بیٹی کی وجہ سے اپنی والدہ کو ساتھ لے کر جاؤں گی تاکہ وہ اسے سنبھال سکیں اور میں کھیل پر فوکس کر سکوں گی۔

قومی ویمن ٹیم کی کپتان مانتی ہیں کہ شادی اور پھر ماں بننے کے بعد صورتحال مشکل ہو جاتی ہے لیکن میں لڑکیوں سے یہی کہوں گی اگر آپ کھیل جاری رکھنا چاہیں تو رکھ سکتی ہیں، فیملی اور شوہرکا سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے، اگر آپ کو سپورٹ نہ ملے تو واپسی ناممکن ہوتی ہے۔

مزید خبریں :