دنیا
Time 26 جنوری ، 2022

اسپتال نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر مریض کے آپریشن سے انکار کردیا

امریکی شہر بوسٹن کے بریگھم اور ویمنز اسپتال نے 31 سالہ مریض فرگوسن کی دل کی پیوند کاری کرنے سے جزوی انکار کردیا کیونکہ اس نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی۔ —فوٹو: بی بی سی
امریکی شہر بوسٹن کے بریگھم اور ویمنز اسپتال نے 31 سالہ مریض فرگوسن کی دل کی پیوند کاری کرنے سے جزوی انکار کردیا کیونکہ اس نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی۔ —فوٹو: بی بی سی 

امریکا میں  اسپتال  اتنطامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ایک  مریض کے دل کی پیوندکاری (ٹرانسپلانٹ) کرنے سے انکار کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی شہر بوسٹن کے بریگھم اینڈ ویمنز اسپتال نے 31 سالہ مریض فرگوسن کی دل کی پیوند کاری کرنے سے جزوی انکار کردیا کیونکہ اس نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی۔

فرگوسن کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کے دل کو پیوند کاری کی ضرورت ہے تاہم اسپتال انتظامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگنے کی وجہ سے پیوندکاری کرنے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی پالیسی کے خلاف ورزی نہیں کرسکتے۔ 

 دوسری جانب بریگھم اینڈ ویمنز اسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ دستیاب اعضاء کی کمی کو دیکھتے ہوئے، ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ جس مریض کو ٹرانسپلانٹ شدہ اعضا ملتا ہے، اس کے زندہ رہنے کا سب سے زیادہ امکان ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کروانے والے مریضوں کے لیے کورونا  ویکسین انتہائی  ضروری ہے تاکہ کامیاب آپریشن کا بہترین امکان پیدا کیا جا سکے اور ٹرانسپلانٹیشن کے بعد مریض کے مدافعتی نظام کی بدولت صحت کو  کو بہتر بنایا جا سکے۔

 ڈاکٹرز کے مطابق کسی بھی عضو کی پیوند کاری کے بعد مریض کا مدافعتی نظام مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے اور یہاں تک کہ عام زکام بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

 ڈاکٹرز کاکہنا ہے کہ اعضاء نایاب ہوتے ہیں، ہم انہیں کسی ایسے شخص میں نہیں لگاسکتے جس کے زندہ رہنے کے امکانات کم ہوں جبکہ دوسرے جن کو ویکسین لگائی گئی ہے ان کے پاس سرجری کے بعد زندہ رہنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مریض نے کورونا ویکسین اس لیے نہیں لگوائی تھی اسے تشویش تھی کہ اس سے دل کی سوزش میں اضافہ ہوگا جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی غیر ویکسین شدہ امریکی کو حالیہ ہفتوں میں صحت کی دیکھ بھال میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل رواں ماہ ہی مینیسوٹا کی ایک خاتون نے ڈاکٹروں کی جانب سے غیر ویکسین شدہ شوہر کو وینٹی لیٹر سے اتارنے  پر  مقامی اسپتال کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

مزید خبریں :