Time 27 جنوری ، 2022
پاکستان

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منظور

لاہور کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور  ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز  کی  منی لانڈرنگ کیس میں  عبوری ضمانت یکم فروری تک منظورکرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو گرفتاری سے روک دیا۔

لاہور میں اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج اعجاز الحسن نےشوگرکےکاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کے ایف آئی اے کے مقدمے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئےتاہم شہباز شریف نےکورونا کا شکار ہونےکی وجہ سے گاڑی میں بیٹھ کر ہی حاضری مکمل کرائی ، عدالت نے باور کرایا کہ بینکنگ جرائم کی عدالت میں دونوں ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں زیرِ سماعت ہیں، اس لیے  قانون اجازت نہیں دیتا کہ ایک ہی مقدمے کی بیک وقت 2 مختلف عدالتوں میں ضمانتیں سنی جائیں۔

عدالت نے دونوں کو بینکنگ جرائم کی عدالت سے ضمانتیں واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

حمزہ شہباز  اور شہباز شریف کی جانب سے بینکنگ جرائم کی عدالت سے عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لیے جانے پر اسپیشل سینٹرل عدالت نے دوبارہ سماعت کی اور دونوں کی یکم فروری تک عبوری ضمانت منظورکرلی۔عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایاکہ شہباز شریف کینسر کے مریض ہیں، ڈاکٹروں کی ہدایت ہےکہ کورونامنفی آبھی جائے تو اس کے بعد بھی7 دن آرام کرنا ہے، استدعاہےکہ عدالت لمبی تاریخ دے،اس پر عدالت نے کہاکہ اگر شہباز شریف یکم فروری کو نہ آ سکیں تو آپ درخواست دائر کردیں۔

مزید خبریں :